سوات: قمبر میں گاڑی پر اندھادھند فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

شہزاد نوید

سوات کے علاقے قمبر میں نامعلوم ملزمان نے ایک گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق قمبر اور اوڈیگرام سے بتایا جاتا ہے۔

جاں بحق ہونے والے دو افراد کی شناخت شوکت اور طوطی خان کے ناموں سے ہوئی جبکہ تیسرے شخص کی شناخت جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر حملے کے محرکات سامنے نہیں آسکے۔

Scroll to Top