سولر سسٹم صارفین کے لیے نیپرا لائسنس لازمی قرار

سولر سسٹم لگوانے والے تمام صارفین کے لیے نیپرا لائسنس کا حصول لازم قرار دے دیا گیا ہے۔

وزارت پاور ڈویژن نے سولر سسٹم قوانین میں ترامیم کرتے ہوئے نیپرا لائسنس کی شرط عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد سولر انرجی کے نظام کو منظم کرنا اور بجلی کی پیداوار و استعمال میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

صارفین کو اب اپنے سسٹم کے لوڈ کے مطابق نیپرا کے نام پر پے آرڈر کی صورت میں فیس ادا کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ ان ترامیم سے قبل 25 کلوواٹ تک کے سسٹم پر صارفین کو لائسنس مفت جاری کیا جاتا تھا تاہم اب اس پالیسی کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت صارفین کو لائسنس کے حصول کے لیے باقاعدہ فیس دینا ہوگی جو ان کے نصب کردہ سولر سسٹم کے لوڈ کے حساب سے مقرر کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق صارفین کو ایک ہزار روپے فی کلوواٹ کے حساب سے اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد نیٹ میٹرنگ اور سولر سسٹمز کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ریگولیٹ کرنا ہے۔

ترامیم میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کو نیٹ بلنگ پراجیکٹ کے تحت کنکشن دیا جائے گا تاکہ وہ اضافی بجلی قومی گرڈ کو فراہم کر کے اس کا مناسب معاوضہ حاصل کر سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کا حصہ ہیں جن کا مقصد نظام کو زیادہ مؤثر اور پائیدار بنانا ہے۔ اس نئی پالیسی کے اطلاق کے بعد سولر سسٹم استعمال کرنے والے تمام صارفین کے لیے نئے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔

Scroll to Top