امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی میں توسیع کے حق میں نہیں ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اس وقت مذاکرات کے لیے انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہے اور ایران کے ساتھ معاملات کو بہت کامیابی سے نمٹایا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کو مکمل کنٹرول حاصل ہے اور ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے پہلے آبنائے ہرمز کھولنے کی بات کی اور پھر مکر گیا، لیکن اب تہران کے پاس ایک اچھے معاہدے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ باقی نہیں بچا ہے۔
فوجی کارروائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ہم کسی بھی وقت کارروائی کے لیے مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ یہ جنگ مکمل طور پر جیت چکا ہے اور اب وہ ایک بہتر معاہدے کے خواہشمند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق جنگ آٹھ سال تک چلی جبکہ ایران میں ہمیں صرف چھ ماہ ہوئے ہیں، جبکہ وینزویلا میں تو محض 45 منٹ میں کامیابی حاصل کر لی تھی۔





