جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کی کال کو مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی وجہ عالمی حالات کو قرار دیا ہے۔
لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر کے حالات میں اضطراب پایا جاتا ہے، جس کے باعث موجودہ صورتحال میں تحریک کے فیصلے کو مؤخر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، جبکہ جمعیت علمائے اسلام عوام کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت صوبوں کی خودمختاری کے اصول پر یقین رکھتی ہے اور اسی مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ملک میں ایسا انتخابی نظام ہونا چاہیے جو حقیقی معنوں میں عوامی رائے کی درست ترجمانی کرے، تاکہ جمہوری عمل مضبوط ہو سکے
واضح رہے کہ مہنگائی کے خلاف تحریک کو مؤخر کرنے کے فیصلے کو سیاسی حلقوں میں اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔





