پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے واقعات سے متعلق سہ ماہی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں صوبے بھر میں سیکیورٹی صورتحال اور کارروائیوں کی تفصیلی تصویر پیش کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے کے 14 اضلاع میں دہشتگردی کے مجموعی طور پر 475 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران 85 دہشتگرد مارے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ان مقدمات میں مجموعی طور پر 1427 ملزمان کو نامزد کیا گیا، جن میں سے 107 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردی کے مختلف واقعات میں 67 شہری شہید اور 298 زخمی ہوئے۔
مزید تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 27 اہلکار شہید اور 45 زخمی ہوئے، جبکہ دیگر سیکیورٹی فورسز کے 21 اہلکار شہید اور 66 زخمی ہوئے۔
پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق دہشتگردی کے واقعات میں پولیس کے 71 اہلکار شہید اور 68 زخمی ہوئے، جو مجموعی سیکیورٹی چیلنجز کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گندم کا اس سال ریٹ کتنا مقرر ہوا؟ تفصیلات جاری
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث 1235 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں تاکہ ان کی سرگرمیوں پر کڑی نگرانی رکھی جا سکے۔
اضلاع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بنوں میں سب سے زیادہ 92 واقعات رپورٹ ہوئے، شمالی وزیرستان میں 88 جبکہ ڈی آئی خان میں 65 دہشتگردی کے واقعات سامنے آئے۔
پولیس حکام کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔





