خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے زیر انتظام نئے قائم کردہ علمی و طبی سہولیات کا افتتاح کر دیا۔
افتتاح ہونے والے منصوبوں میں اسلامک سنٹر، دو مزید طبی وارڈز اور چھ اضلاع میں نئے قائم کیے گئے میڈیکل انسٹی ٹیوٹس شامل ہیں۔
خیبر میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کرم، دیر اپر، کرک، نوشہرہ، بنوں اور بونیر کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے اسلامک سنٹر اور طبی وارڈز کے مختلف سیکشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر ضیاء الحق نے منصوبوں پر بریفنگ دی۔
تقریب میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مینا خان آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جامعات کو مالی اور انتظامی لحاظ سے خودمختار بنانے کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور متعدد شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھا چکی ہے۔





