وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، قرضے اور اقساط کی تفصیلات سامنے آگئیں

حکومت پاکستان نے کم آمدنی والے طبقے کو ذاتی چھت فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم اپنا گھر اور اپنی چھت اپنا گھر اسکیموں کے تحت سستے رہائشی قرضوں کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

ان اسکیموں کا بنیادی مقصد محنت کش طبقے پر مالی بوجھ کم کرنا ہے جس کے لیے وفاقی حکومت مارک اپ سبسڈی کے ذریعے مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ نئے پلان کے مطابق شہری گھر یا فلیٹ کی خریداری اور تعمیر کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ

سہولت 10 مرلہ تک کے مکان یا 1500 مربع فٹ تک کے اپارٹمنٹس کے لیے دستیاب ہوگی جس پر صارف کو صرف 5 فیصد کی مقررہ شرح سے ادائیگی کرنا ہوگی۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ پالیسی کے مطابق ان قرضوں کی واپسی کے لیے 20 سال تک کی طویل مدت مقرر کی گئی ہے جبکہ پہلے 10 سالوں تک حکومت مارک اپ کی مد میں بھاری سبسڈی دے گی۔

بینکوں کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 30 لاکھ روپے کے قرض پر مختلف مدت کے لیے ماہانہ اقساط کا ڈھانچہ بھی واضح کر دیا گیا ہے۔ اگر کوئی صارف 10 سال کی مدت کے لیے قرض لیتا ہے تو اسے ماہانہ 19 ہزار 799 روپے قسط ادا کرنا ہوگی جبکہ 15 سالہ مدت کے لیے یہ قسط 23 ہزار 724 روپے اور 20 سالہ طویل مدت کے لیے 31 ہزار 820 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس اسکیم کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اگر کوئی قرض دہندہ وقت سے پہلے رقم واپس کرنا چاہے تو اس پر کوئی پروسیسنگ فیس یا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان بھر میں بینک الفلاح سمیت دیگر بڑے بینک یہ قرضے فراہم کر رہے ہیں تاکہ شہری کرائے کی رقم کے برابر اقساط ادا کر کے اپنے ذاتی گھر کے مالک بن سکیں۔ یہ پروگرام ملک بھر میں ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی اور غریب عوام کو چھت کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top