برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے وائٹ ہاؤس پریس ڈنر سے منسوب واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کا کوئی بھی عمل کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، اور جمہوری ممالک اپنے عوام کے تحفظ کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس سے اپنے خطاب میں بادشاہ چارلس نے یورپ اور امریکا کے درمیان شراکت داری کو موجودہ دور میں پہلے سے زیادہ اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد جس اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا تھا، آج اسی اتحاد کی یوکرین کے دفاع کے لیے دوبارہ ضرورت ہے۔
بادشاہ چارلس نے یوکرین کے لیے مغربی ممالک کے غیر متزلزل عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ نے نیٹو کے اتحاد اور عزم کو ایک اہم امتحان میں ڈال دیا ہے۔ ان کے مطابق یوکرین میں پائیدار، منصفانہ اور حقیقی امن کے لیے مغربی اتحاد کا برقرار رہنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے برطانیہ اور امریکا کے تاریخی تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا اتحاد محض ماضی کی کامیابیوں پر قائم نہیں رہ سکتا بلکہ اسے مستقبل کے چیلنجز کے مطابق مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہمند: بارش کے جمع پانی میں ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ، کم عمر بچہ جاں بحق
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے اختلافات کے باوجود دونوں ممالک نے ہمیشہ مشترکہ راستے تلاش کیے اور یہ شراکت داری دنیا کے عظیم ترین اتحادوں میں شمار ہوتی ہے۔
اپنے خطاب میں بادشاہ چارلس نے ماحولیاتی تحفظ، انسانی ہمدردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر یقینی عالمی حالات میں رواداری، آزادی اور جمہوری اقدار کا دفاع پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔
ان کے مطابق عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے تعاون، برداشت اور مشترکہ اقدار کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔





