ضلع مہمند: غلنئی تحصیل حلیم زئی کے علاقے سلطان خیل حرم چینہ پڑانگ درہ میں بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی میں ایک کم عمر لڑکے کے ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئی۔ امدادی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو پانی سے نکال لیا۔ ابتدائی طور پر بچے کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی سی پی آر سمیت دیگر فوری طبی امداد فراہم کی اور بچے کی زندگی بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم بعد ازاں اسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال غلنئی منتقل کیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق 16 سالہ سنان خان، ولد عرفان، کو طبی امداد کے لیے لایا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اس کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔
یہ بھی پڑھیں : رات گئے مہمند چیک پوسٹ پر ناخوشگوار واقعہ، ٹریفک معطل، سرچ آپریشن جاری
ریسکیو 1122 کے مطابق بارشوں کے دوران جمع شدہ پانی، ندی نالوں اور تالابوں کے قریب خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے، اور والدین کو چاہیے کہ بچوں کو ان مقامات پر اکیلا نہ چھوڑیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے موسم میں حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔





