باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے شاہی تنگی میں خوارج کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں کھیل میں مصروف تین مقامی افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب گراؤنڈ میں کرکٹ میچ جاری تھا۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے اور ملوث خوارجین کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
مقامی قبائلی عمائدین اور عوام نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فتنہ الخوارج کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ شہری پرامن ماحول میں زندگی گزار سکیں۔
واضح رہے کہ فتنہ الخوارج معصوم شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کواڈ کاپٹرز اور جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لے رہے ہیں، جس کے شواہد پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔





