پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ تباہ ہو رہا ہے اور ہزاروں ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور ٹریفک پولیس کے بھاری چالان فوری ختم کرے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ایک ٹریلر کے فی چکر اخراجات میں دو لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ایک ماہ میں چار چکر لگانے والے ٹریلر پر 8 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے ٹرک ٹریلر کو دی جانے والی 80 ہزار روپے کی سبسڈی کو انتہائی کم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگی حالات اور مہنگائی کی وجہ سے کاروبار شدید متاثر ہے۔ اگر حکومت نے پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو ملک میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ مکمل طور پر رک جائے گا۔





