عازمین کیلئے ریلیف، کم بچوں کے حج پر پابندی ختم کر دی گئی

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے کم عمر عازمینِ حج سے متعلق حالیہ پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں پر عائد پابندی واپس لے لی ہے۔

نئے احکامات کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو دوبارہ حج کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ پہلے مسترد ہونے والے ویزوں کو بھی دوبارہ پراسیس کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

سعودی حکام کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پرانی پالیسی بحال کر دی گئی ہے جس سے ہزاروں عازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو ریلیف ملا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل حج پاکستان نے ایک مراسلے کے ذریعے عمر کی نئی حد سے متاثرہ درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں دوبارہ جمع کرائیں تاکہ ان کے معاملات جلد نمٹائے جا سکیں۔

اس سے قبل سعودی حکومت نے اچانک فیصلہ کرتے ہوئے حج 2026 کے لیے 15 سال سے کم عمر بچوں کی شرکت پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اس فیصلے کے تحت 3 مئی 2026 کی رات کے بعد ایسی کسی پرواز کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی جس میں 27 مئی 2026 (یومِ عرفات) کو 15 سال سے کم عمر مسافر شامل ہو۔

اس پابندی کے باعث متعدد عازمین کے ویزے منسوخ کر دیے گئے تھے اور ایئر لائنز بشمول پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، سعودی ایئر لائن، ایئر بلیو اور ایئر سیال کو ہدایت دی گئی تھی کہ کم عمر عازمین کو پروازوں میں سوار نہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزٹ ویزا پر حج کے خواہشمند افراد کےلیےاہم خبر

پابندی کے اعلان کے بعد سعودی حکومت اور پاکستانی حج مشن کی جانب سے متاثرہ عازمین کے لیے مکمل رقم واپسی (فل ریفنڈ) کی پالیسی بھی جاری کی گئی تھی۔

تاہم اب نئی پالیسی کے تحت اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے، جس کے بعد کم عمر بچوں کے ساتھ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد کے لیے راستہ دوبارہ کھل گیا ہے۔

Scroll to Top