بھارت دوبارہ حملے کی جرأت نہیں کرے گا، پاکستان امن کا خواہاں ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایک سال قبل بھارت کو ہونے والی شکست کے بعد اس کا غرور خاک میں مل چکا ہے اور اب وہ پاکستان کے خلاف دوبارہ جارحیت کی ہمت نہیں کرے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک ذمہ دار اور پُرامن ہمسائے کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے، تاہم بھارت کی جانب سے پراکسی جنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کے راستے پاکستان کے خلاف پراکسی وار میں ملوث ہے اور بعض عناصر کو وہاں سے حمایت حاصل ہے، جس کے باعث سیکیورٹی چیلنجز برقرار ہیں۔

انہوں نے پاکستانی افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں مثالی کارکردگی دکھائی ہے اور اپنی قربانیوں کے ذریعے قوم کو محفوظ بنایا ہے۔ ان کے مطابق عوام کو بھی ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : گڈ گورننس صرف نعرہ بن کر رہ گئی، خیبرپختونخوا کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں: حافظ نعیم الرحمن

وزیر دفاع نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے گلگت بلتستان سے کراچی اور گوادر تک ملک کے ہر حصے کا دفاع یقینی بنایا ہے، جبکہ سرحدوں پر تعینات جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن کی حفاظت کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top