حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے اہم فیصلہ

توانائی کے شعبے میں استحکام کیلئے بڑا قدم، پاکستان کا ’اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر‘ قائم کرنے کا فیصلہ

حکومت پاکستان نے ملک کی توانائی سلامتی کو یقینی بنانے اور ہنگامی حالات میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ’اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر‘ قائم کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اس اہم منصوبے پر ابتدائی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیشِ نظر ملکی معیشت کو کسی بھی بڑے بحران سے محفوظ رکھنا ہے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کے اتنے وسیع ذخائر تیار کیے جائیں گے جو کم از کم 90 دن تک ملک کی مجموعی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہوں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بحری راستوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی حالات کے تناظر میں یہ اقدام انتہائی ناگزیر ہو چکا تھا تاکہ تیل کی ترسیل متاثر ہونے کی صورت میں متبادل انتظام موجود ہو۔

منصوبے کی تکمیل کے لیے مالی وسائل جمع کرنے پر غور جاری ہے جس کے لیے پیٹرولیم لیوی میں ممکنہ تبدیلی کی تجویز بھی زیرِ غور ہے تاکہ سالانہ بنیادوں پر خطیر رقم حاصل کی جا سکے۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق اس مد میں اربوں روپے جمع ہونے کی توقع ہے جس سے نہ صرف اسٹوریج کا نظام مضبوط ہوگا بلکہ ملک کا توانائی کا شعبہ مجموعی طور پر استحکام کی جانب بڑھے گا۔

یہ اسٹریٹجک ذخائر مستقبل کے ممکنہ بحرانوں کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ثابت ہوں گے اور عالمی سپلائی لائن متاثر ہونے کی صورت میں بھی ملکی پہیہ جام نہیں ہونے دیں گے۔

Scroll to Top