انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی نامعلوم افراد کے حملے میں شہادت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی پولیس نے ریجنل پولیس آفیسر مردان کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے اور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ مولانا محمد ادریس کی دینی اور قومی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور ان کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس افسوسناک اور بہیمانہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور انہیں انصاف کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔
آئی جی پولیس کے مطابق مشکل کی اس گھڑی میں پولیس غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات مزید تیز کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ جلد از جلد اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔





