بھارت کے معروف دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے ایک بار پھر بھارتی دفاعی صلاحیتوں کا پول کھولتے ہوئے پاک فضائیہ کی ٹیکنالوجیکل برتری کا اعتراف کر لیا ہے۔
پراوین ساہنی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئر فورس نے اپنی جدید نیٹ ورکنگ اور سافٹ ویئر سسٹمز کے ذریعے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کا تیار کردہ لنک-17 ڈیٹا لنک سسٹم اور جدید سافٹ ویئر سسٹمز جے ایف-17 تھنڈر اور جے-10 سی جیسے طیاروں کو ایک ایسی طاقت فراہم کرتے ہیں جس کا توڑ فی الحال بھارت کے پاس موجود نہیں ہے۔
پراوین ساہنی نے بھارتی عسکری قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جدید فضائی جنگ اب صرف طیاروں کی نہیں بلکہ سافٹ ویئر اور ڈیٹا شیئرنگ کی ہے، جس میں پاکستان نے چین کے تعاون سے حیران کن ترقی کی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پاک فضائیہ کے طیارے فضا میں ایک دوسرے سے اس قدر مربوط ہوتے ہیں کہ وہ دشمن کے طیاروں کو ریڈار پر آنے سے پہلے ہی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بھارتی تجزیہ نگار کا مزید کہنا تھا کہ رافیل جیسے طیارے خریدنے کے باوجود بھارت کا فضائی نظام ابھی تک اس سطح پر نہیں پہنچ سکا جہاں وہ پاکستان کے جدید نیٹ ورک سینٹرک وارفیئر کا مقابلہ کر سکے۔





