لیک ہونے والے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے پر کیمبرج کا بڑا فیصلہ

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے کے حوالے سے پھیلی غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کرتے ہوئے میتھ 9709/12 کا امتحانی پرچہ باقاعدہ طور پر منسوخ کر دیا ہے۔

کیمبرج کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر لیک ہونے والے پرچے کو نتائج کی تیاری کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ متاثرہ طلبہ کے لیے اب نئے امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق ریاضی کا یہ دوبارہ امتحان 9 جون 2026 کو لیا جائے گا جس کے لیے طلبہ یا تعلیمی اداروں سے کسی بھی قسم کی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

کیمبرج انتظامیہ نے اس پورے معاملے کی جڑوں تک پہنچنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ پرچہ لیک کرنے والے ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔

اعلامیے میں سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امتحانی مواد کو غیر قانونی طور پر شیئر کرنے یا پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ایسے افراد پر مستقبل میں کیمبرج کے امتحانات دینے پر مستقل پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امتحانی شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کیمبرج نے طلبہ کو اطمینان دلایا ہے کہ اس دوبارہ امتحان کے باوجود نتائج کے اعلان کی حتمی تاریخ متاثر نہیں ہوگی اور تمام نتائج پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق 11 اگست 2026 کو ہی جاری کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلی معلومات اور ہدایات 15 مئی تک تمام رجسٹرڈ اسکولوں کو فراہم کر دی جائیں گی۔

Scroll to Top