شاکر خان وزیر
شمالی وزیرستان کے ضلعی ہیڈکوارٹر میرانشاہ میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) کے ملازمین نے گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور افسران کی غیر حاضری کے خلاف کام چھوڑو ہڑتال شروع کر دی ہے جس سے شہر میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
ملازمین کا موقف ہے کہ تنخواہیں نہ ملنے سے ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ چکی ہے۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ اعلیٰ افسران میرانشاہ کے بجائے بنوں سے دفاتر چلا رہے ہیں، جس سے انتظامی امور مفلوج ہیں۔
احتجاج کے دوران ملازمین نے بتایا کہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ڈیزل تک دستیاب نہیںجس کی وجہ سے صفائی کے کام ٹھپ ہیں۔
ملازمین کا کہنا تھاکہ جب تک تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں اور افسران میرانشاہ میں اپنی حاضری یقینی نہیں بناتے، احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی۔





