رضوان بلوچ
خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں تھانہ ایس ایم اے (SMA) کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ لگا کر ریسکیو 1122 کے تین اہلکاروں کو ان کی نجی گاڑی سمیت اغوا کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ٹانک ڈی آئی خان روڈ پر گاؤں صفدر کے قریب اس وقت پیش آیا جب اہلکار وہاں سے گزر رہے تھے۔
اغوا ہونے والے اہلکاروں میں سینئر انچارج وقاص عالم، کلرک مدثر اور ڈرائیور افتخار شامل ہیںجنہیںنامعلوم مسلح افراد نے نجی کلٹس گاڑی سمیت اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ٹانک تنویر احمد نے واقعے کی باقاعدہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں کی بازیابی کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تمام داخلی و خارجی راستوں کی سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مغوی اہلکاروں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے گاؤں صفدر اور ملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔





