سندھ میں ایسے شہریوں کے لیے بڑی رعایت کا اعلان کر دیا گیا ہے جنہوں نے گاڑی خریدنے کے باوجود اب تک اسے اپنے نام پر ٹرانسفر نہیں کروایا۔
وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی منتقلی کے عمل میں نرمی کرتے ہوئے نادرا بائیو میٹرک تصدیق کی شرط میں 30 جون 2026 تک توسیع کر دی ہے۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑی خریدنے والے شہری 30 جون 2026 تک فروخت کنندہ کی نادرا بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر بھی گاڑی اپنے نام منتقل کروا سکیں گے۔ یہ نوٹیفکیشن محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے گاڑی اور موٹرسائیکل کی ملکیت منتقلی کا نیا مرحلہ وار طریقہ کار بھی جاری کر دیا ہے۔
نئے نظام کے تحت خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کو نادرا یا ای سہولت مرکز میں بائیو میٹرک تصدیق کرانا ہوگی، جس کے بعد منتقلی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بجلی صارفین کیلئے سبسڈی کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ
نئے طریقہ کار کے مطابق دونوں فریقین کی شناخت کی تصدیق کے بعد اسٹامپ پیپر پر معاہدہ تیار کیا جائے گا، جبکہ ایکسائز دفتر میں درخواست فارم اور ضروری دستاویزات جمع کروانے کے ساتھ مقررہ فیس اور ٹوکن ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
تمام دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد رسید جاری کی جائے گی اور 5 سے 15 ورکنگ دنوں میں نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کر دیا جائے گا۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق بیچنے والے کے لیے اصل رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ، شناختی کارڈ کی کاپی، دستخط شدہ درخواست، فروخت کا معاہدہ، کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور تصویر لازمی ہوگی، جبکہ خریدار کو شناختی کارڈ کی کاپی، تصویر، وہیکل ٹیکس سرٹیفکیٹ، رہائش کا ثبوت اور گاڑی کے معائنے کا سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔





