بجلی صارفین کیلئے سبسڈی کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ

اسلا م آباد: وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کے لیے سبسڈی کے موجودہ نظام میں بڑی تبدیلی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوری 2027 سے نیا ٹارگٹڈ سبسڈی نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت صرف مستحق افراد کو سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سے صارفین کی جانچ کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان پاور سبسڈی اصلاحات پر اتفاق ہو چکا ہے اور اس حوالے سے تحریری یقین دہانی بھی کرائی جا چکی ہے۔ نئے نظام کے نفاذ کے بعد ٹیرف ڈیفرینشل اور کراس سبسڈی جیسے موجودہ طریقہ کار ختم کر دیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق نئی پالیسی سے کم یونٹس ظاہر کرنے کے لیے متعدد میٹرز کے استعمال کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ اس کے ساتھ بجلی صارفین کو نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری سے منسلک کرنے کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ مستحقین کی تصدیق کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون سے نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور اسٹریٹ لائٹس منصوبےمیں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف، پی ٹی آئی کمیٹی کا وزیربلدیات مینا خان آفریدی کو مراسلہ

ذرائع کے مطابق سبسڈی کی ادائیگی کے نظام کے لیے ایک بیرونی فرم کی خدمات لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاور سیکٹر میں شفافیت اور بہتری کے لیے مزید اصلاحات پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب حکومت آبپاشی نظام میں اصلاحات کے سلسلے میں ای-آبیانہ سسٹم پورے ملک میں نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ پنجاب میں یہ نظام پہلے سے فعال ہے جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی جلد اس کا نفاذ متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 1.2 ارب ڈالر کی قرض قسط کے معاملے پر متوقع ہے، جس میں پاکستان سے متعلق اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔

Scroll to Top