اسلام آباد: پاکستان اور سری لنکا کی افواج کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشتگردی مشق “شیک ہینڈز-II” تربیلا میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
مشق کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت کو بہتر بنانا اور انسدادِ دہشتگردی آپریشنز میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل یہ مشق 27 اپریل 2026 کو شروع ہوئی تھی، جس میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ اور سری لنکا کی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا۔
اختتامی تقریب میں اسپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سری لنکا کی جانب سے میجر جنرل اجیتھ ابے وردنا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے عسکری حکام نے مشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اب گاڑی اپنے نام کروانا ہوگیا آسان، نئی سہولت کا اعلان
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران دونوں افواج کے دستوں نے انسدادِ دہشتگردی کے مختلف آپریشنل مراحل میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، ہم آہنگی اور جنگی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔
مشترکہ تربیت کے ذریعے جدید جنگی تکنیک، حکمتِ عملی اور آپریشنل طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مشق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان موجود تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔





