واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے پاکستانی قیادت بہترین کام کر رہی ہے ، مذاکرات کے دوران پاکستان نے پراجیکٹ فریڈم روکنے کا کہا تھا جس پر ہم رک گئے ،پاکستان کے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل بہترین شخصیات ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے جلد معاہدہ نہ کیا تو زیادہ سخت طاقت سے جواب دیں گے ، آج بھی حملہ آوور ایرانی کشتیاں تباہ کر دیں ، ایران کسی صورت جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا ۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں ،ہمیں علم ہے ایران جلد معاہدے پر دستخط کر دے گا ، امریکی بحری جہاز بغیر کسی نقصان کے آبنائےہرمز سے گزر گئے ، آج بھی ایران کی کشتیاں تباہ کر دیں ۔
ایران میں رجیم چینج کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران میں رجیم چینج ہو چکی ہے ، ایران میں پہلی دوسری اور تیسری رجیم کو ختم کر دیا ہے ، ایرانی رجیم نے ہزاروں پر امن مظاہرین کو قتل کیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو آج امریکی بحری جہازوں پر حملے نہیں کرنے چاہیے تھے ۔ امریکی بحری جہازوں پر ڈرون بھی بھیجے گئے جنہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
قبل ازیںسوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا کے 3 ڈسٹرائر بحری جہاز کامیابی سے آبنائے ہرمز پار کر گئے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی جنگی جہاز محفوظ رہے، آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرونز تباہ کر دیے: ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے 3 ڈسٹرائر بحری جہاز آبنائے ہرمز پار کر گئے، ان بحری جہازوں پر ایران کی جانب سے حملہ بھی کیا گیا مگر انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ البتہ حملہ کرنے والے ایرانیوں کو بہت نقصان پہنچا اور حملہ آور چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا گیا،ایرانی کشتیاں سمندر میں ڈبو دی گئی ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی ڈسٹرائرز پر میزائل داغے گئے جنہیں بڑی آسانی سے گرا دیا گیا، امریکی بحری جہازوں پر ڈرون بھی بھیجے گئے جنہیں فضا میں ہی گرا لیا گیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی ڈرونز تتلیوں کی طرح سمندر میں جا گرے، کوئی نارمل ملک ہوتا تو ڈسٹرائر بحری جہازوں کو گزرنے دیتا لیکن ایران نارمل ملک نہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم نے ایران کو آج ناک آؤٹ کیا ہے، ڈیل پر دستخط نہ کیے تواس سے زیادہ سختی سے ناک آؤٹ کریں گے، ایران جلدی کرے۔





