امریکی جنگی جہاز محفوظ رہے، آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرونز تباہ کر دیے: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا، جبکہ امریکی جنگی جہاز بغیر کسی نقصان کے اہم بحری راستے سے گزرنے میں کامیاب رہے۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی فورسز نے ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم تین امریکی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز محفوظ رہے اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ ان کے مطابق امریکی بحری جہاز آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی کے مشن میں دوبارہ شامل ہو رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے معاہدہ نہ کیا تو امریکا اس سے بھی زیادہ سخت کارروائی کرے گا۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کی جانب سے ہونے والے “بلا اشتعال” حملے کا ذاتی دفاع میں جواب دیا۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی بحریہ کے جنگی جہاز آبنائے ہرمز سے خلیج عمان کی جانب سفر کر رہے تھے کہ اس دوران ایرانی فورسز نے میزائل، ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے حملے کیے۔

یہ بھی پڑھیں : 4 جولائی تک ڈیل نہ ہوئی تو زیادہ ٹیرف لگے گا: ٹرمپ کی یورپی یونین کو دھمکی

بیان کے مطابق امریکی افواج نے خطرے کو مؤثر انداز میں ختم کیا اور حملوں میں ملوث ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ان کارروائیوں میں ایران کی میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس سمیت کمانڈ اینڈ کنٹرول اور انٹیلی جنس تنصیبات بھی شامل تھیں۔

سینٹ کام نے مزید کہا کہ امریکا کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، تاہم اپنی افواج اور مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی اس پیشرفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top