ایبٹ آباد میں خاتون کی پراسرار ہلاکت، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

ایبٹ آباد کے علاقے سلطان پور میں خاتون کی آگ لگنے سے ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی ہدایات پر ایس پی حویلیاں جمیل الرحمن نے تھانہ پی او ایف کی حدود میں واقع جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تحقیقات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گھر کے مختلف حصوں، دستیاب شواہد اور دیگر متعلقہ امور کا معائنہ کیا۔

پولیس حکام نے اہلِ علاقہ، ورثاء اور موقع پر موجود افراد سے بھی معلومات حاصل کیں تاکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد مشکوک افراد کو تحویل میں لے کر ان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں دفعہ 302 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے چھان بین کی جا رہی ہے اور حقائق سامنے لانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

Scroll to Top