ریسکیو 1122 کا مون سون سے قبل تمام اضلاع میں الرٹ جاری

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے مون سون سیزن کے پیش نظر صوبے بھر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر تمام اضلاع میں فرضی مشقیں شروع کی جا رہی ہیں تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال اور دیگر ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر مون سون حکمت عملی کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ دریاؤں، ڈیموں اور ندی نالوں میں کشتی رانی سمیت مختلف عملی مشقیں بھی کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں :اگلے24گھنٹوں کے دوران موسم کیسا رہے گا ؟محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
شاہ فہد کے مطابق ان فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122 اہلکاروں کے علاوہ سول ڈیفنس اور مقامی کمیونٹی کے افراد بھی حصہ لیں گے تاکہ عوام میں آگاہی اور بروقت ردعمل کی صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے تمام اضلاع میں جدید آلات، ضروری وسائل اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران ندی نالوں اور برساتی پانی کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔

Scroll to Top