معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر گزشتہ برس ریلیز کیے گئے آئی ایس پی آر کے ولولہ انگیز ملی نغمہ ’’اللہ اکبر، تیار ہیں ہم‘‘ کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
ملی نغمہ نے اپنے جوشیلے بول، ولولہ انگیز شاعری اور سحر انگیز آواز کے ذریعے قوم کے دل جیت لیے۔
نغمہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے عزم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ ’’غالب ہیں خدا کا وار ہیں ہم‘‘ جیسے پرجوش اشعار نے قوم اور افواجِ پاکستان کے ایمان اور حوصلے کو مزید تازگی بخشی۔
ملی نغمہ میں بھارت کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا گیا کہ پاکستان ایک باہمت، متحد اور دفاعی صلاحیت سے بھرپور قوم ہے، جو ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ نغمہ میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کے جواب کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:افواجِ پاکستان کی جانب سے معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد، ڈی جی آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے اس شاہکار ملی نغمہ میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، مربوط حکمت عملی، جدید ہتھیاروں اور سخت ترین تربیت کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے، جس نے مکار دشمن پر پاکستان کی یقینی برتری کو نمایاں کیا۔
دفاعی ماہرین اور عوامی حلقوں کے مطابق ملی نغمہ نہ صرف قومی جذبوں کی ترجمانی کرتا ہے بلکہ نوجوان نسل میں وطن سے محبت اور دفاعِ وطن کے جذبے کو مزید تقویت دیتا ہے۔





