خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جہاں بعض اضلاع میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں شدید گرمی ریکارڈ ہونے کا خدشہ ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
اسی طرح پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریسکیو 1122 کا مون سون سے قبل تمام اضلاع میں الرٹ جاری
شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر موسمی بیماریوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پشاور میں گرمی کی شدت کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر رہے جبکہ دوپہر کے بعد بازاروں میں شہریوں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ہیٹ اسٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس فوری طور پر فعال کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔





