معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل، ملک بھر میں جشن کا سماں، ریلیوں اور تقاریب کا انعقاد

آپریشن بنیان المرصوص کے تحت معرکہ حق میں بھارت کے خلاف عظیم عسکری فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر آج ملک کے طول و عرض میں جشن منایا جا رہا ہے۔

پنجاب،سندھ ،خیبرپختونخوا،بلوچستان اورآزاد جموں کشمیرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شہریوں، تاجروں اور سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکال کر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ فتح کی خوشی میں مرکزی تقریب کل صبح جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔

پنجاب میں جوش و خروش
لاہور کے نولکھا چرچ میںمعرکہ حق یوم تشکر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مکی و مکار دشمن کی طرح حملہ کیا لیکن ہماری افواج نے اسے عبرتناک شکست دی۔ شہر میں مرکزی مسلم لیگ نے ناصر باغ سے چیئرنگ کراس تک معرکہ حق کارواںنکالی۔

راولپنڈی میں تاجر برادری نے مال روڈ، لیاقت باغ اور چاندنی چوک میں بڑی ریلیاں نکال کر پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ گجرات میں ایم این اے چوہدری حسین الٰہی نے بھارتی ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے چار شہریوں کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ نارووال، ساہیوال، شکر گڑھ اور حسن ابدال میں بھی ضلعی انتظامیہ اور شہریوں نے بائیک ریلیوں اور مارچ کے ذریعے قومی ہیروز کو سلام پیش کیا۔

سندھ اور کراچی میں جشن کا میلہ
کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب سےسی ویو(نشانِ پاکستان) پر جشن کا بڑا میلہ سجایا گیا ہے جس میں آتش بازی، لیزر لائٹ شو اور موسیقی کے رنگا رنگ پروگرام شامل ہیں۔ خیرپور کی سینٹرل جیل میں اسیروں نے بھی بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا جشن منایا جبکہ حیدرآباد پولیس ہیڈ کوارٹر میں طلبہ نے ٹیبلوز کے ذریعے پاک فوج کی بہادری کی داستانیں پیش کیں۔ ٹنڈو محمد خان میں پولیس جوانوں نے قومی پرچم کو سلامی دی اور پریس کلب تک مارچ کیا، جبکہ سکھر میں تاجر برادری نے صرافہ بازار سے ریلی نکال کر بھارت کے عزائم خاک میں ملانے پر خوشی کا اظہار کیا۔

خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر
خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں معرکہ حق کے حوالے سے بڑی ریلیاںنکالی گئی۔ بلوچستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میںریلیاں نکالی گئی جس میں شرکاء نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، میرپور اور بھمبر میں بھی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔

تمام ریلیوں کے شرکاء کا ایک ہی پیغام تھا کہ دفاعِ وطن کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

Scroll to Top