اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کے بعد گزشتہ ایک سال کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کا کردار مزید نمایاں ہوا ہے اور دنیا اب پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مؤثر ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی سفارتی حکمت عملی اور متوازن پالیسیوں کے باعث عالمی برادری کی توجہ مسلسل پاکستان کی جانب بڑھ رہی ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ آج عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے سنا جا رہا ہے اور ملک نے مختلف بین الاقوامی معاملات میں ذمہ دارانہ کردار ادا کر کے اپنی سفارتی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششیں بھی عالمی سطح پر توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا افواج پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف میں ڈیجیٹل اسکرینز پر پیغامات نشر
پاکستانی مندوب کے مطابق عالمی برادری اب پاکستان کی قیادت اور سفارتی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، اور پاکستان امن، استحکام اور باہمی تعاون کے اصولوں کے تحت اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد خطے میں امن، اقتصادی تعاون اور عالمی سطح پر بہتر تعلقات کو فروغ دینا ہے، اور حالیہ سفارتی کامیابیاں اسی پالیسی کی مؤثریت کا ثبوت ہیں۔





