چارسدہ سے صبح صبح افسوسناک خبر آ گئی، امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں

بنوں، چوکی فتح خیل حملے کے شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

بنوں میں چوکی فتح خیل پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن بنوں میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں پولیس کے اعلیٰ افسران، اہلکاروں اور شہداء کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان، ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ڈی پی او لکی مروت نذیر خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل الواحد، ایس پی ہیڈکوارٹر محمود نواز، ایس پی سٹی توحید خان اور ایس پی رورل حیدر خان سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر شہداء کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کرنے کے انتظامات کیے گئے جبکہ نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبرِ جمیل کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس ایک بہادر فورس ہے جس نے ہر مشکل حالات میں جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے دہشتگردوں کی کارروائی کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خون کا حساب لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو چن چن کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن تعاون اور مکمل سرپرستی فراہم کی جائے گی۔

Scroll to Top