وزیراعظم شہبازشریف کا10مئی کویوم معرکہ حق سےمنسوب کرنےکااعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ربِ ذوالجلال کے حضور سجدۂ شکر بجا لاتے ہیں کہ معرکہِ حق میں کامیابی نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانیوں اور عزم کی بدولت ملک کو اقوامِ عالم میں ممتاز مقام حاصل ہوا۔

معرکہ حق کے حوالے سے پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے پاکستان کو باوقار بنانے والی تمام ممتاز شخصیات اور خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے اپنی قربانیوں سے پاک دھرتی کی آبیاری کی اور قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن کی حفاظت کرنے والے جانبازوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ صبر اور ضبط کا مظاہرہ کیا، تاہم دشمن نے رات کی تاریکی میں مساجد اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر جنگ مسلط کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کی بلااشتعال جارحیت کا دندان شکن اور تاریخی جواب دیا جبکہ فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی دفاعی نظام کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں بھارتی جارحیت کا منہ تو ڑ جواب دیا گیا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

وزیراعظم کے مطابق عالمی سطح پر شفاف تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت جارحیت سے باز نہ آیا، تاہم پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑا کر اس کے فضائی برتری کے دعوے خاک میں ملا دیے جبکہ بحریہ نے بھی دشمن پر ہیبت طاری کر دی۔

انہوں نے 10 مئی کو ہر سال “یومِ معرکہِ حق” کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن آپریشن بنیان مرصوص قومی غیرت، عسکری کامیابی اور خودداری کی تابناک علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ایک سال گزرنے کے باوجود اپنے الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا اور سچائی کا چراغ جھوٹ کے جھونکوں سے نہیں بجھایا جا سکتا۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں، عظیم ماؤں اور وطن پر جان نثار کرنے والے جوانوں کو سلام پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت کو تاریخ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکہِ حق کے دوران 24 کروڑ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔ انہوں نے سفارتی محاذ پر تعاون پر برادر ممالک اور ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن کے لیے پاکستان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے محمد بن سلمان، رجب طیب اردوان اور شی جن پنگ سمیت دوست ممالک کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Scroll to Top