نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی؟ دفتر خارجہ نے حقیقت واضح کر دی

نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی؟ دفتر خارجہ نے حقیقت واضح کر دی

پاکستان نے نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق امریکی میڈیا رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے گمراہ کن اور سنسنی خیز قرار دے دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کی قیاس آرائیاں خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی مرحلے کے دوران دونوں ممالک کے متعدد طیارے پاکستان آئے تھے۔

بیان کے مطابق ان طیاروں کی آمد کا مقصد صرف سفارتی عملے، سیکیورٹی ٹیموں اور انتظامی اسٹاف کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ بعض طیارے اور معاون عملہ آئندہ مذاکراتی مراحل کے لیے عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ باضابطہ مذاکرات ابھی دوبارہ شروع نہیں ہوئے، تاہم اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط مسلسل جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ اسلام آباد کے لیے بھی لاجسٹک اور انتظامی سہولیات فراہم کی گئیں

ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیاروں کا کسی فوجی ہنگامی صورتحال یا حفاظتی انتظامات سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ طیارے جنگ بندی کے دوران سفارتی مقاصد کے تحت پاکستان آئے تھے۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک غیر جانبدار اور ذمہ دار سہولت کار کے طور پر ہمیشہ شفافیت اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

Scroll to Top