لکی مروت، سرائے نورنگ بازار دھماکے پر وزیراعظم شہباز شریف کا اہم بیان سامنے آگیا

لکی مروت، سرائے نورنگ بازار دھماکے پر وزیراعظم شہباز شریف کا اہم بیان سامنے آگیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو ملک کے امن اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں دھماکے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جبکہ شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی بھی کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے حکومت اور تمام متعلقہ ادارے غیر متزلزل عزم کے ساتھ بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ واقعے کی فوری اور شفاف انکوائری مکمل کی جائے اور ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

Scroll to Top