اسلام آباد: کتابوں پر پلاسٹک کور چڑھانے پر پابندی کا بل منظور، خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا

قومی اسمبلی نے ’’اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (کتابوں کے پلاسٹک کور پر پابندی) ایکٹ 2026‘‘ کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت وفاقی دارالحکومت کی حدود میں کتابوں پر پلاسٹک کور چڑھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ بل سینیٹ سے پہلے ہی منظور ہو چکا تھا، جسے قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے پیش کیا۔

بل کے متن کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں کوئی بھی سیلر پلاسٹک کور والی کتابیں فروخت یا تقسیم کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔ قانون کی پہلی بار خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جبکہ دوسری بار خلاف ورزی کی صورت میں ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اس قانون کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں اور اسکولوں میں کتابوں پر پلاسٹک چڑھانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ختم کرنا ہے۔

نئے قانون کے تحت اسلام آباد انتظامیہ کے مجاز افسران کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ موقع پر معائنہ کر سکیں، ممنوعہ مواد ضبط کریں اور جرمانے عائد کریں۔ تاہم، بایو ڈی گریڈ ایبل مواد، ہارڈ بیک کور اور نایاب کتابوں کے حفاظتی کور کو اس پابندی سے استثنا حاصل ہوگا۔

Scroll to Top