حکومت نے پارلیمنٹ لاجز سے متعلق اہم ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤس و لائبریری کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارلیمنٹ لاجز میں زیرِ تعمیر 104 اضافی فیملی سوئٹس، سیکیورٹی انتظامات اور رہائشی سہولیات سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سینئر حکام نے کمیٹی کو منصوبے پر جاری پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز میں تعمیر ہونے والے 104 اضافی فیملی سوئٹس کو جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ سی ڈی اے حکام نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کی تکمیل مقررہ مدت کے اندر یقینی بنائی جائے گی۔

ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے جبکہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شفافیت، بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار اس منصوبے کی اولین ترجیحات ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اراکینِ پارلیمنٹ کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی نہایت اہم ہے تاکہ وہ اپنی سرکاری اور پارلیمانی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔

کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز کی بہتر دیکھ بھال، انتظامی امور میں بہتری اور رہائشی ماحول کو مزید محفوظ اور سازگار بنانے پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ: ویلڈر کی دکان میں سلنڈر دھماکا، ایک شخص جاں بحق، دو زخمی

اجلاس میں ایم این اے ہاسٹل میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور دیگر سیکیورٹی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی اراکین نے رہائشیوں اور مہمانوں کی حفاظت کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور سیکیورٹی انتظامات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام، انتظامی معاملات اور سیکیورٹی کے تمام مراحل میں اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں اراکینِ قومی اسمبلی نبیل احمد گبول، طاہرہ اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

Scroll to Top