نوشہرہ: ویلڈر کی دکان میں سلنڈر دھماکا، ایک شخص جاں بحق، دو زخمی

نوشہرہ: نوشہرہ کی تحصیل جھانگیرہ میں واقع ایک ویلڈر کی دکان میں گیس سلنڈر دھماکے کے باعث ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا اچانک ویلڈنگ کے دوران پیش آیا جس کے نتیجے میں امراج الدین استاد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق کابل ریوار کے علاقے سے بتایا جاتا ہے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دکان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کی مدد سے قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ: سٹی رجڑ بائی پاس نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

مقامی شہریوں نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ویلڈنگ کی دکانوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top