ایران جنگ میں امریکی فضائیہ کو بھاری نقصان؟ نئی رپورٹ نے تہلکہ مچادیا

واشنگٹن: امریکا میں ایران کے خلاف جنگ سے متعلق ایک اہم سماعت کے دوران امریکی فضائیہ کو ہونے والے نقصانات کے حوالے سے چونکا دینے والے دعوے سامنے آگئے۔

امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹ رکن ایڈورڈ کیس نے سینیٹ کمیٹی کی خصوصی سماعت کے دوران دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف 39 روز تک جاری رہنے والی جنگ میں امریکا کے متعدد طیارے تباہ ہوئے۔

سماعت کے دوران انہوں نے پینٹاگون کے چیف فنانشل آفیسر جے ہرسٹ سے سخت سوالات کیے اور جنگ کے دوران امریکی فضائیہ کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات طلب کیں، تاہم جے ہرسٹ کئی سوالات کے واضح جواب دینے سے گریز کرتے رہے۔

ایڈورڈ کیس نے اپنے مؤقف کیلئے امریکی دفاعی ویب سائٹ *دی وار زون* کا حوالہ دیا، جس کے مطابق ایران کے خلاف کارروائیوں کے دوران امریکی فضائیہ نے تقریباً 13 ہزار پروازیں کیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اس عرصے کے دوران امریکا کے 39 طیارے تباہ جبکہ مزید 10 کو نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق تباہ ہونے والے اثاثوں میں 24 MQ-9 ریپر ڈرونز، 4 ایف 15 ای اسٹرائیک ایگل لڑاکا طیارے اور ایک اے 10 وارتھوگ طیارہ شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں : عائشہ ظفر چھا گئیں، پاکستان ویمنز نے تاریخ رقم کردی

ویب سائٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی فضائی حدود میں ایک جدید ایف 35 اے طیارہ بھی مار گرایا گیا، جو ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ کی تباہی کا پہلا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس کا پائلٹ محفوظ نکلنے میں کامیاب رہا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بعض امریکی فوجی اثاثے ایرانی حدود میں اس خدشے کے تحت تباہ کیے گئے تاکہ وہ ایران کے قبضے میں نہ جا سکیں۔

امریکی ویب سائٹ کے مطابق تین ایف 15 ای طیارے کویت کی فضائی حدود میں تباہ ہوئے جبکہ امریکی فضائیہ کا قیمتی ای 3 جی سینٹری طیارہ بھی نقصان کا شکار ہوا، جسے امریکا کیلئے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی سے متعلق عالمی سطح پر مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں، تاہم ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق سامنے نہیں آسکی۔

Scroll to Top