کراچی: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے ویمنز ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 153 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا، جو ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔
پاکستان کی کامیابی میں اوپنر عائشہ ظفر نے مرکزی کردار ادا کیا، جنہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 47 گیندوں پر ناقابلِ شکست 102 رنز بنائے۔
Ayesha Zafar’s remarkable ton helps Pakistan to a records-tumbling win in the series opener 💯👌#JeetKaSafar | #PAKWvZIMW | #BackOurGirls pic.twitter.com/N24ep3odUA
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 12, 2026
ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اس سنچری کے ساتھ وہ پاکستان کی جانب سے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری بنانے والی بیٹر بھی بن گئیں۔
اس کے علاوہ عالیہ ریاض نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 23 گیندوں پر 48 رنز اسکور کیے جبکہ گل فیروزہ نے 37 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو مضبوط بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : ایک اور امتحان، ایک اور ناکامی: ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی مشکلات برقرار
237 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمنز ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں صرف 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ زمبابوے کی جانب سے نتاشا ٹومبا 24 اور آدیل زمنو 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال اور نتالیہ پرویز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی شاندار کارکردگی کے بعد سیریز کے آئندہ میچز میں بھی ٹیم سے عمدہ کھیل کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔





