پٹرول پر عوام سے کتنی وصولی ہوئی؟ حکومت نے تفصیلات جاری کردیں

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ وصولیاں کرتے ہوئے 1205 ارب روپے جمع کر لیے، جو گزشتہ مالی سال کی مجموعی وصولیوں کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے مارچ تک پٹرولیم لیوی کی وصولیوں میں 371 ارب روپے یا 45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس وقت ایک عام پٹرول صارف فی لیٹر تقریباً 117 روپے 50 پیسے مختلف لیویز اور ٹیکسز کی مد میں ادا کر رہا ہے، جس سے حکومتی خزانے کو بڑا سہارا ملا ہے۔

حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی میں اضافے، شرح سود میں تقریباً 50 فیصد کمی کے نتیجے میں قرضوں پر سودی ادائیگیوں میں کمی اور صوبوں کے ریکارڈ کیش سرپلس نے پاکستان کی مالی پوزیشن کو نسبتاً مستحکم بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ میں امریکی فضائیہ کو بھاری نقصان؟ نئی رپورٹ نے تہلکہ مچادیا

ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی پاکستان کی مالی کارکردگی کو جنگ سے پہلے کے دور سے بہتر قرار دیا ہے، جبکہ آئی ایم ایف کا بجٹ مشن آج سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کر رہا ہے۔

حکام کے مطابق مذاکرات صرف آئندہ بجٹ تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ سرکاری شعبے میں ریاستی کردار کم کرنے، شوگر سیکٹر میں اصلاحات اور بعض قانونی ترامیم کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

آئی ایم ایف مشن آئندہ مالی سال کیلئے محصولات اور اخراجات کے اہداف طے کرنے کے علاوہ مجوزہ معاشی اصلاحات پر بھی تفصیلی بات چیت کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد وفاقی بجٹ آئندہ ماہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

Scroll to Top