حکومت پاکستان نئی آٹو پالیسی کے تحت سستی چھوٹی گاڑیوں کی نئی کیٹیگری متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس سے کم آمدنی والے افراد کیلئے گاڑی خریدنا آسان ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ L6/L7 کیٹیگری نئی آٹو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی (AIDEP) 2006-31 کا حصہ ہوگی۔ اس منصوبے کا مقصد موٹر سائیکل اور 660 سی سی گاڑیوں کے درمیان موجود قیمت کے فرق کو کم کرنا ہے تاکہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو سستی سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق نئی کیٹیگری کے تحت متعارف کرائی جانے والی گاڑیاں چھوٹی، ہلکی اور کم فیول خرچ کرنے والی ہوں گی، جو شہری علاقوں میں روزمرہ استعمال کیلئے موزوں تصور کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کی قیمت موجودہ انٹری لیول کار سوزوکی آلٹو سے بھی کم ہو سکتی ہے۔
یہ منصوبہ خاص طور پر ان افراد کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے جو مہنگی گاڑیوں کے باعث مارکیٹ سے باہر ہیں اور حفاظتی خدشات کے باوجود موٹر سائیکل استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر اس تجویز کو حتمی منظوری مل گئی تو اس سے نہ صرف عوام کو کم قیمت اور محفوظ ٹرانسپورٹ میسر آئے گی بلکہ مقامی آٹو انڈسٹری، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ٹریفک مسائل میں کمی، مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری کو فروغ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دستاویزی نظام کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
تاہم ذرائع کے مطابق یہ تجویز ابھی زیر غور ہے اور اس کی حتمی منظوری نہیں دی گئی۔





