کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق کیس میں اہم پیشرفت

سولہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی سے متعلق کیس میں نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس نے اپنا جامع جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔

کمیشن کی جانب سے بچوں اور نامعلوم بالغ افراد کے درمیان غیر ضروری آن لائن رابطے محدود کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس نے درخواست میں اٹھائے گئے تحفظات تسلیم کرتے ہوئے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں عمر کی تصدیق، میکنزم اور جامع ریگولیٹری فریم ورک بنانے پر زور دیا ہے۔

نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس نے بچوں کا آن لائن تحفظ ، ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ ریگولیٹری فریم ورک کا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کی استعداد کار بڑھانے کے ساتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں کے استحصال کے خلاف خصوصی نظام بنایا جائے۔

جواب میں کہا گیا کہ بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے مؤثر قانونی و ریگولیٹری اقدامات ناگزیر ہیں۔

نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس نے اپنے جواب میں بچوں کو آن لائن گرومنگ، استحصال اور نقصان دہ مواد سے تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے ڈیجیٹل حقوق اور آن لائن تحفظ کے درمیان مؤثر توازن قائم کرنا ضروری ہے۔

Scroll to Top