متحدہ عرب امارات نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا اعلان کردیا

متحدہ عرب امارات میں وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل نے یومِ عرفہ اور عید الاضحیٰ کے موقع پر پبلک سیکٹر کے ملازمین کے لیے پانچ روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

یہ تعطیلات 25 مئی (پیر) سے شروع ہو کر 29 مئی (جمعہ) تک جاری رہیں گی۔ اس کے بعد 1 جون (پیر) سے معمول کے اوقات کار دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔

بنگلہ دیش
بنگلادیشی حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر 7 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے جو 25 مئی سے 31 مئی تک ہوں گی۔ چھٹیوں کی طویل مدت کے پیشِ نظر، 23 مئی کو ہفتہ کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے تاکہ دفتری امور پر اثر نہ پڑے۔

اس کے بعد 25 مئی سے باقاعدہ عید کی تعطیلات شروع ہوں گی۔ سرکاری دفاتر 23 اور 24 مئی (ہفتہ اور اتوار) کو کھلے رہیں گے۔

پاکستان
پاکستان میں سپارکو نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے اپنی پیش گوئی بھی جاری کی ہے۔ فلکیاتی حسابات کے مطابق نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا، اور اس دن چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں متعدد افسران کے تقرر و تبادلے

پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جس کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

سپارکو کے مطابق یکم ذوالحج 18 مئی 2026 (پیر) کو ہونے کا امکان ہے اور عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائی جا سکتی ہے۔ تاہم، حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کے بعد کیا جائے گا۔

Scroll to Top