اسلا م آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے جبکہ پاکستان ہمیشہ امن اور استحکام کا حامی رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر جنگ لڑ رہا ہے جبکہ بھارت پر دہشت گردی کی سرپرستی کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام “معرکہ حق” سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی تنازع ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، تاہم بھارت مسلسل حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام عائد کردیا گیا جبکہ صرف چند منٹوں میں مقدمہ درج ہونا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شفاف تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی لیکن بھارت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے پاکستان میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جبکہ پاکستان نے صرف عسکری اہداف کو ٹارگٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا اعلان کردیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا اور دنیا کو باور کرایا کہ پاکستانی عوام دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا جبکہ بھارتی خفیہ سرگرمیوں کے شواہد بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کو بھارت کی مبینہ دہشت گرد پالیسی کا ثبوت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جبکہ بھارتی میڈیا نے جھوٹے اور مضحکہ خیز دعوے کیے۔
ان کے مطابق پاکستان نے سفارتی، عسکری اور بیانیے کے محاذ پر کامیابی حاصل کی اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی۔





