حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل عوام کو بڑی سفری سہولت دینے کا اعلان کرتے ہوئے جدید سہولتوں سے آراستہ ’’عوام ایکسپریس‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا ہے کہ جدید انداز میں اپ گریڈ کی گئی عوام ایکسپریس کا باقاعدہ افتتاح 24 مئی کو کیا جائے گا، جبکہ اسے عیدالاضحیٰ سے پہلے مسافروں کیلئے چلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام ایکسپریس کو جدید سہولتوں سے مکمل طور پر آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو تیز، آرام دہ اور معیاری سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان کے مطابق یہ ٹرین کم وقت میں کراچی پہنچے گی اور سفر کو مزید سہل بنائے گی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ پاکستان ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ ریلوے میں بہتری اور مسافروں کی سہولت حکومت کے وژن کا اہم حصہ ہے اور مستقبل میں ہر بڑے شہر سے ایک ’’پرائم ٹرین‘‘ چلانے کا منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے۔





