آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا ڈیرہ بگٹی بازار کا دورہ، شہریوں کے مسائل سُن کر فوری اقدامات کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے ڈیرہ بگٹی بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی شہریوں اور دکانداروں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان نے عوام کے مسائل، شکایات اور تجاویز تفصیل سے سنیں اور متعلقہ حکام کو فوری حل کیلئے ضروری احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر شہریوں اور تاجروں نے کھل کر اپنے مسائل بیان کیے جبکہ علاقے میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز کی موثر حکمت عملی اور مسلسل اقدامات کے باعث علاقے میں حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دورے کا مقصد عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانا اور شہری مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا تھا۔





