گوگل کا بڑا فیصلہ، صارفین سے مفت سہولت واپس لینے کی تیاری

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق گوگل اپنے نئے صارفین کے لیے مفت کلاؤڈ اسٹوریج کی پالیسی میں بڑی تبدیلی کرنے جا رہا ہے۔

اب تک ہر نیا جی میل اکاؤنٹ بنانے پر گوگل کی جانب سے 15 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کی جاتی رہی ہے، جو کہ عام صارفین کی ضروریات کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گوگل اب نئے اکاؤنٹس کے لیے محض 5 جی بی مفت اسٹوریج دینے کی آزمائش کر رہا ہے۔ اس اقدام سے ان صارفین کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے جو گوگل ڈرائیو، فوٹوز اور جی میل پر اپنا زیادہ ڈیٹا محفوظ رکھتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے اس نئی پالیسی میں ایک شرط بھی رکھی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جو افراد اپنے اکاؤنٹ کے ساتھ اپنا موبائل فون نمبر منسلک (Add) کریں گے، صرف انہیں ہی 15 جی بی اسٹوریج کی مکمل سہولت فراہم کی جائے گی، بصورت دیگر یہ حد 5 جی بی تک محدود رہے گی۔

گوگل نے اس حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ فی الحال مخصوص خطوں میں اس تبدیلی کی آزمائش کی جا رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد اکاؤنٹس کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانا اور صارفین کو ڈیٹا ریکوری میں مدد فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل کے آفیشل سپورٹ پیج پر ابھی تک 15 جی بی مفت اسٹوریج کا ہی ذکر موجود ہے، تاہم کمپنی کی جانب سے آزمائش کے بعد اس پالیسی کو عالمی سطح پر لاگو کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ یہ تبدیلی خاص طور پر ان نئے صارفین کو متاثر کرے گی جو اپنی پرائیویسی کی وجہ سے فون نمبر فراہم کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

Scroll to Top