امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کے مؤثر اور کلیدی کردار کو عالمی سطح پر غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
اس پیش رفت کے اعتراف میں امریکی رکنِ کانگریس اور کانگریشنل پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین جیک برگمین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام خصوصی تعریفی خط ارسال کیا ہے۔
خط میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی دانشمندانہ سفارت کاری، مؤثر حکمتِ عملی اور امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے پاکستان کے لیے مخلصانہ تشکر اور دیرپا قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لا کر حقیقی ریاستی بصیرت اور ذمہ دار عالمی کردار کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ثالثی کوششیں قابلِ تعریف، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہترین شخصیات ہیں، ٹرمپ
جیک برگمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ جاری امن مذاکرات میں پاکستانی قیادت کی رہنمائی اور مثبت سفارتی کردار قابلِ ستائش ہے، جس پر وہ دلی طور پر شکر گزار ہیں۔
جیک برگمین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات نہ صرف دیرینہ ہیں بلکہ اسٹریٹجک اعتبار سے بھی بے حد اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس دونوں پاکستان کے منفرد، مثبت اور تعمیری سفارتی کردار کا برملا اعتراف کر چکے ہیں۔
جیک برگمین کا کہنا تھا کہ وہ پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جلد پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔





