پاکستان میں ذوالحج کاچاند نظر آگیا، عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی

 مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے پاکستان میں ذوالحج 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔

چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے باضابطہ اعلان کیا کہ مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جن کی جانچ پڑتال کے بعد ذوالحج کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں منعقد ہوئے، جن میں چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ شہادتیں موصول ہونے کے بعد ملک بھر میں یکم ذوالحج کے آغاز کا اعلان کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا جبکہ بعض علاقوں میں معمولی گرد و غبار یا آلودگی کے باوجود چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں سے چاند نظر آنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے بعد مرکزی کمیٹی نے رویتِ ہلال کی تصدیق کر دی۔

ماہرین کے مطابق چاند نظر آنے کے بعد ملک بھر میں کل یکم ذوالحج ہوگی، جبکہ عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی۔

Scroll to Top