مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہیڈکوارٹر تیمرگرہ میں بڑا جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر بوجھ قرار دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد ملک گیر ہڑتال کی جائے گی جبکہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ 22 مئی کو ملک بھر میں بڑے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے تمام سیاسی قیدیوں بشمول بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں جانی خیل میں پاک فوج اور مقامی عمائدین کا اہم جرگہ
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے ہزاروں ارب روپے وصول کیے گئے ہیں جبکہ پیٹرول کی قیمت 410 روپے فی لیٹر تک پہنچانا غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل سواروں اور محنت کش طبقے پر بھی بھاری ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت کسی کے سہارے نہیں بلکہ صرف عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔





